Feb ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
  • پرامن انتخابات کے انعقاد کو سبوتاژ کرنے کادھشگردوں کا منصوبہ ناکام بنائیں گے: وزیر اعظم پاکستان

پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کی مذمت کی ہے۔

سحر نیوز /  پاکستان : میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان کے صوبے بلوچستان میں ہونے والے دھماکوں کے حوالے سے  اپنے بیان میں پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت عام انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے پُرعزم ہے۔

نگراں وزیراعظم نے دھماکوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔

انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں اور چیف سیکریٹری بلوچستان سے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان کے نگراں وزیرِ داخلہ گوہر اعجاز نے بھی قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی ف کے دفتر کے باہر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ جان بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، الیکشن سے پہلے شرپسند افرا تفری پھیلانا چاہتے ہیں، شرپسند عوام کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال سے روکنا چاہتے ہیں۔

گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ دشمن کے مذموم عزائم کو کسی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردوں کا نہتے شہریوں پر وار انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔

 دوسری جانب  نگران وزیر اطلاعات و نشریات صوبے بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، انہوں نے جان بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت پیش کرتے ہوئے صوبے بلوچستان میں3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، انہوں کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں عام انتخابات سے ایک روز قبل اس ملک کے صوبے بلوچستان کے دو اضلاع میں انتخابی دفاتر کے باہر دھماکے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 28 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔     میڈیا ذرائع کے مطابق بلوچستان میں پہلا دھماکا ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں ہوا جس میں 15 افراد جاں بحق ہوئے اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔ جب کہ دوسرا دھماکا قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی (ف) کے دفتر کے باہر ہوا جس میں 13 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور ریسکیو ٹیموں  نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی نوعیت خودکش بتائی جاتی ہے۔

 

  

 

 

  

 

 

ٹیگس