Feb ۱۰, ۲۰۲۴ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  •  25 کروڑ آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے انتشار موزوں نہیں: آرمی چیف آف پاکستان

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ 25 کروڑ کی آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے انتشار موزوں نہیں، دعا اور خواہش ہے کہ حالیہ انتخابات ملک میں معاشی استحکام لائیں۔

سحرنیوز/ پاکستان: چیف آف آرمی اسٹاف پاکستان سید عاصم منیر نے عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر پوری پاکستانی قوم، نگراں حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان، سیاسی جماعتوں اور تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عام انتخابات کے حوالے سے پاکستانی قوم کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لیے آزادانہ اور بلا روک ٹوک شرکت جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قیادت اور اہلکار بے تحاشا مشکلات کے باوجود انتخابی عمل کے لیے محفوظ ماحول بنانے کے سبب ہماری سب سے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ کا تعین کرنے کی مشق ہے- سیاسی قیادت اور ان کے کارکنوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر حکومت اور عوام کی خدمت کرنے کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنار چاہیے جو جمہوریت کو فعال اور بامقصد بنانے کا واحد راستہ ہے۔

اپنے پیغام کے آخر میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتخابات سیاسی اور معاشی استحکام لائیں اور ہمارے پیارے پاکستان کے لیے امن اور خوشحالی کا مرکز ثابت ہوں۔ 

ٹیگس