Feb ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۲:۰۴ Asia/Tehran
  • پاکستان کی قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے غیر حتمی نتائج کا اعلان

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں آٹھ فروری کو عام انتخابات کے انعقاد کے دو روز بعد قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے غیرحتمی نتائج جاری کردیے۔

سحرنیوز/ پاکستان: قومی اسمبلی کی نشستوں میں سے دو سوچونسٹھ نشستوں کے غیرحتمی نتائج جاری کیے گئے ہیں-  حلقہ این اے اٹھاسی کے غیرحتمی نتائج روک دیے گئے ہیں جبکہ این اے آٹھ پر امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی کیے جاچکے ہیں۔ مانسہرہ میں بھی حتمی نتیجے کو روک دیا گيا ہے جہاں سے سابق وزیراعظم نوازشریف کی شکست کا اعلان کیا گیا تھا-

دوسوچونسٹھ نشستوں میں سےآزاد امیدوار ایک سو ایک نشستیں لے کر سب سےآگے ہيں جن میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کی تعداد بانوے ہے - مسلم لیگ (ن) ستتر اور پیپلز پارٹی نے چون نشستیں حاصل کی ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سترہ نشستیں حاصل کیں- جمعیت علمائے اسلام (پاکستان) نے چار جبکہ پاکستان مسلم لیگ نے تین نشستیں جیتیں۔

استحکام پاکستان پارٹی نے دو اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) نے بھی دو نشستیں حاصل کیں۔

مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) پاکستان، پاکستان مسلم لیگ (ضیا)، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے ایک، ایک نشست حاصل کی

اس درمیان حکومت سازی کے تعلق سے بھی سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں ایم کیوایم کے وفد نے لاہور میں نوازشریف سے ملاقات کی ہے جس میں وفاق میں ایک ساتھ حکومت بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف بھی آج اہم ملاقات کرنے والے ہیں-

پی ٹی آئی نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ وہ وفاق میں اکثریت حاصل کرچکی ہے اور وہی حکومت بنائے گی- پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی وفاق، پنجاب اور کے پی میں اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

 


 

 

ٹیگس