Feb ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۰:۳۶ Asia/Tehran

پاکستان میں الیکشن نتائج کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے۔

سحرنیوز/پاکستان: پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد،  پشاور اور ملک کے دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ لاہور پولیس نے کارروائی کے دوران پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کو حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایف نائن پارک سے ریلی نکالی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے پارک میں جمع ہوئے، شیر افضل مروت، شعیب شاہین، سیمابیہ طاہر، شہریار ریاض اور دیگر رہنما بھی احتجاجی مظاہرے میں موجود تھے۔
پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی تاہم اسلام آباد پولیس نے سیاسی جماعت کے احتجاج کے دوران کسی کو گرفتار نہیں کیا۔ کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کیا، احتجاج میں مرد و خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی، الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی گئی، اس موقع پر الیکشن کمیشن سندھ کے باہر پولیس کی نفری تعینات تھی۔
سیالکوٹ میں حلقہ این اے اکہتر کی امیدوار ریحانہ ڈار کے زیر قیادت احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریحانہ ڈار نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے اپنے ضمیر کے مطابق سچ بولا ہے۔ ریحانہ ڈار مسلم لیگ نون کے خواجہ آصف کے مقابلے میں شکست کھاچکی ہیں۔

ٹیگس