Feb ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۳:۱۰ Asia/Tehran
  • مریم نواز پنجاب کی وزیراعلیٰ

پاکستان مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کی مشترکہ امیدوار مریم نواز پنجاب کی وزیراعلیٰ منتخب ہو گئیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر نتائج کا اعلان کیا۔ مسلم ن لیگ اور اتحادیوں کی مشترکہ امیدوار مریم نواز220 ووٹ لے کر وزیراعلٰی پنجاب منتخب ہوئیں ۔  اپوزیشن کے بائیکاٹ اور واک آؤٹ کے باعث رانا آفتاب کوئی ووٹ حاصل نہ کرسکے۔اسپیکر کے اعلان کے بعد مریم نواز نے قائد ایوان کی نشست سنبھال لی۔

اس سے قبل سنی اتحاد کونسل کے اراکین بولنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔

مریم نواز نے اپوزیشن کو منا کر ایوان میں واپس لانے کا کہا جس پر 6 لیگی رہنما اپوزیشن کو منانے پہنچ گئے۔ مریم نواز نے کہا کہ اسپیکر صاحب اپوزیشن کو بولنے کی اجازت دی دیں۔

اپنے انتخاب کے بعد ایوان میں اپنا پہلا خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، قدرت کا نظام پہلے مشکلات پھر کامیابیوں سے گزارتا ہے، امیدہے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر جمہوری عمل کو برقرار رکھیں گے، افسوس ہوا کہ اپوزیشن ارکان موجود نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ اپوزیشن کے فاضل ارکان یہاں موجود نہیں ہیں، اپوزیشن ارکان کو جمہوری عمل میں شامل ہونا چاہیے تھا، اپوزیشن میری تقریر کے دوران احتجاج کرتی تو مجھے خوشی۔

انہوں نے دعوی کیا کہ ہمیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا، تمام مشکلات کے باوجود میدان نہیں چھوڑا، ایوان جمہوریت کا پرچم سربلند رکھے گا، مقابلہ جمہوریت کا حسن ہے، ہم نے کبھی میدان خالی نہیں چھوڑا۔

مریم نواز نے کہا جس نے ووٹ دیا اور جس نے نہ دیا سب کی وزیراعلیٰ ہوں، میں اپوزیشن سمیت سب کی وزیر اعلیٰ ہوں، میرے دل، چیمبر کے دروازے اپوزیشن ارکان کےلیے بھی ہر وقت موجود ہیں۔

پنجاب اسمبلی کا ایوان اس وقت 327 ارکان پر مشتمل ہے۔ ن لیگ کو 224 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے پاس 103 ارکان ہیں۔ قائد ایوان کے لئے 186 ارکان کی اکثریت حاصل کرنا تھی۔

ٹیگس