صوبۂ خیبر پختونخوا اسمبلی کے 115 نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 115 نو منتخب اراکین نے حلف اٹھالیا جب کہ اس دوران ایوان میں بدنظمی دیکھنے میں آئی۔
سحرنیوز/ پاکستان: خیبر پختونخوا اسمبلی کا افتتاحی اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کیا گیا تھا جو تقریباً پونے ایک بجے شروع ہوا۔
اسپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں پہلے مرحومین اور شہدا کے لیے دعائے مغفرت کرائی گئی جس کے بعد مشتاق غنی نے 115 نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری کے بعد اسپیکر مشتاق غنی نے کہا کہ شام 5 بجے تک اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں اور رات 12 بجے تک کاغذات واپس لیے جا سکتے ہیں جبکہ کل صبح 10 بجے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے پولنگ ہو گی۔
اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی کارکن صوبیہ خان ہاتھ میں گھڑی لے کر اسمبلی ہال پہنچیں جہاں وہ لوگوں کو ہاتھ میں پہنے جانے والی گھڑی دکھا رہی تھیں کہ اس دوران اسمبلی میں موجود پی ٹی آئی کارکنان نے ان پر خالی بوتل، جوتا، بال پین اور لوٹا پھینکا لیکن صوبیہ خان مسلسل لوگوں کو گھڑی دکھاتی رہیں۔
اس دوران اسمبلی میں موجود پی ٹی آئی کارکنان نے شدید نعرے بازی بھی کی جب کہ اس موقع پر پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور بھی اسمبلی میں موجود تھے۔
انتظامیہ نے اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ایک ہزار سے زائد پاسز ایشو کررکھے تھے اور اسمبلی میں لوگوں کی گنجائش اس سے کم تھے کہ جس کے باعث اجلاس سے قبل ہی اسمبلی میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔
پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کیلئے بابر سلیم سواتی اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے چترال سے منتخب ہونے والی رکن صوبائی اسمبلی ثریا بی بی کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔