Mar ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۴ Asia/Tehran
  • آصف علی زرداری نے دوسری مرتبہ صدر پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دوسری مرتبہ صدر پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آصف زرداری سے حلف لیا۔

سحرنیوز/ پاکستان: پاکستان کے نو منتخب صدر آصف زرداری کی تقریب حلف برداری ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں ملک کے اعلی حکام اور ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ آصف علی زرداری کو عہدہ صدارت کا حلف چیف جسٹس قاضی عیسی فائز نے دلایا۔

تقریب حلف برداری سے پہلے ہی آصف علی زرداری کو صدارتی پروٹوکول اور سیکیورٹی فراہم کردی گئی تھی۔

آصف علی زرداری کو صدر کا پروٹوکول دیئے جانے سے پہلے اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صدارتی الیکشن کے حتمی نتیجے کا اعلان کیا اور کہا کہ آصف زرداری ملک کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔انھوں نے صدارتی الیکشن کا فارم سات جاری کردیا جس کے مطابق اس الیکشن میں ایک ہزار چوالیس ووٹ ڈالے گئے جن میں سے نو ووٹ مسترد کئے گئے۔ حتمی نتیجے کے اعلان کے مطابق آصف علی زرداری کو چار سو گیارہ اور محمود خان اچکزئی کو ایک سو اکیاسی ووٹ ملے۔

پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بتایا کہ آصف زرداری کو پارلیمنٹ سے دو سو پچپن، سندھ اسمبلی سے اٹھاون، بلوچستان اسمبلی سے سینتالیس، پنجاب اسمبلی سے تینتالیس اور کے پی اسمبلی سے آٹھ الیکٹورل کالج ووٹ ملے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ آصف زرداری کے مقابلے میں، محمود خان اچکزئی کو پارلیمنٹ سے ایک سو انیس، کے پی اسمبلی سے اکتالیس، پنجاب اسمبلی سے اٹھارہ اور سندھ اسمبلی سے تین الیکٹورل کالج ووٹ ملے ہیں۔

ٹیگس