پاکستان: سرکاری اخراجات کم کرنے کے لئے7 رکنی کمیٹی قائم
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے سرکاری اخراجا ت کم کرنے کے لئے، ایک سات رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ کمیٹی سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لئے عملی منصوبہ پیش کرے گی۔ کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کردے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے چیئرمین اورڈپٹی چیئرمیں کا انتخاب پلاننگ کمیشن سے کیا گیا ہے اور سیکریٹری کابینہ ڈویژن نیز سیکریٹری فنانس ڈویژن کو اس کے اراکین میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کمیٹی کو سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لئے فنانس ڈویژن کی قومی کفایت شعاری کی رپورٹ کا جائزہ لینے اور ٹرمز آف ریفرنس طے کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان شدید ترین معاشی بحران سے دوچار ہے جس کے پیش نظر صدر آصف علی زرداری نے تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔