Apr ۱۷, ۲۰۲۴ ۲۰:۱۴ Asia/Tehran
  • پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی ناکام، سات دہشت گرد ہلاک

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔

سحرنیوز/ پاکستان : پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 اپریل 2024 کو شمالی وزیرستان کے ضلع غلام خان کے علاقے اسپنکئی میں سات دہشت گردوں پر مشتمل گروپ نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے دراندازی کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔

بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا اور اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ساتوں دہشت گرد مارے گئے۔ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے اور توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

ٹیگس