امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے اسلام آباد میں امریکی طلبا کی تحریک کی حمایت میں ایک بڑا اجتماع
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں فلسطین کے حامی طلبا نے امریکہ اور یورپ کے طلبا کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مغربی حکومتوں کے سرکچلنے والے اقدامات کی مذمت کی-
سحرنیوز/ پاکستان: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کی شام کو اسلام آباد میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام غاصب اسرائیل کے مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے امریکہ اور یورپ کے طلباء اور اسی طرح غزہ کے صحافیوں اور طبی عملے کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اسلام آباد میں پاکستانی طلباء نے امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے میڈیا برادری اور فلسطین اور غزہ کے طبی عملے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا کہ جن میں سے بہت سے افراد صہیونی جارحیت میں شہید ہوچکے ہيں۔
طلباء نے اس اجتماع میں کہا کہ پاکستانی عوام فلسطین کے دفاع میں آخری سانس تک مزاحمتی گروہوں کے ساتھ ساتھ کھڑے ہیں اور وہ اسرائیل اور اس کے حامیوں کے جرائم کی مذمت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پاکستان کے دارالحکومت میں طلبا تنظیموں کے عہدیداروں نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ کے باشندوں کی حمایت میں امریکہ کی مختلف یونیورسٹیوں میں طلبا کے ہونے والے مظاہروں کی بھرپور حمایت اور اسرائیل کے جرائم کی مذمت کرتے ہیں۔