May ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  •  وکلاء اور پولیس میں جھڑپیں کئی مظاہرین زخمی متعدد وکلاء گرفتار، کل ملک بھر میں ہڑتال کی کال

پاکستان بار کونسل نے کل ملک بھر میں عام ہڑتال کی کال دی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: لاہور میں وکلاء نے مطالبات کے حق میں ایوان عدل سے ریلی نکالی تاہم ان کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے متعدد وکلاء کو گرفتار کرلیا۔

وکلاء نے ہائیکورٹ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ کر کے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران ان کی پولیس سے شدید جھڑپیں ہوئیں۔

بعدازاں وکلا جی پی او چوک پر جمع ہوئے جہاں بھی ان کا پولیس سے تصادم ہوا۔ وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے کیسز کی سماعت کا بھی بائیکاٹ کردیا اور عدالتیں خالی کروالیں۔

وکلا نے شدید نعرے بازی کی اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پولیس نے احتجاج کرنے والے متعدد وکلا کو گرفتار کر لیا۔ تصادم میں ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ سمیت 7 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

وکلا پر تشدد کے خلاف پاکستان بار کونسل نے کل ملک بھر میں احتجاج اور ہڑتال کی کال دے دی ہے۔

ساتھ ہی اسلام آباد ہائی کورٹ بار نے بھی کل مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے لاہور میں وکلا پر تشدد اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ۔

واضح رہے کہ لاہور میں وکلاء سول عدالتوں کی منتقلی اور وکلاء پر دہشت گردی کے مقدمات کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

ٹیگس