فلسطینیوں کی حمایت میں امریکہ و یورپ کے یونیورسٹی طلبہ کے ساتھ پاکستانی طلبا کی یکجہتی
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ میں یونیورسٹی طلبہ نے ریلی نکالی جس میں سیکڑوں طلبہ کے ساتھ ہی مذہبی سیاسی اور ثقافتی شخصیات نے بھی حصہ لیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی طلبہ نے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت اور فلسطینیوں کی حمایت میں امریکہ و یورپ کے یونیورسٹی طلبہ کے دھرنوں اور مظاہروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی ۔ اس ریلی میں شریک طلبہ و شخصیات نے غزہ کے عوام کے خلاف بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کی جارحیتوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اپنے ملک کی آزادی کے لئے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی بھرپورحمایت کا اعلان کیا ۔
مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھائے ہوئے تھے اور فلسطین کی آزادی اور فلسطینوں کے لئے امریکہ و یورپ کے یونیورسٹی طلبہ کی تحریک کی حمایت کا اعلان کر رہے تھے ۔
پاکستانی مظاہرین نے امریکہ اور بعض مغربی ممالک کی حکومتوں کی جانب سے جارح صیہونی حکومت کی بےدریغ حمایت کی مذمت کی اور غزہ میں فورا جنگ بند کرنے اور مظلوم عوام تک انسان دوستانہ امداد پہنچانے کا راستہ ہموار کرنے کا مطالبہ کیا۔
پاکستانی طلبہ نے فلسطین کی تقسیم کے راہ حل کی مذمت کی اور اعلان کیا کہ اسرائیل کا وجود ناجائز ہے اور ہمیں اسے تسلیم نہيں کرتے۔