پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت اور متحدہ ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات ناکام
May ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۱:۴۶ Asia/Tehran
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت اور متحدہ ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات ناکام ہو جانے کے بعد مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ کی اطلاعات ملی ہیں-
سحرنیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد راولاکوٹ اور دیگر مقامات سے قافلے مظفرآباد کی جانب جا رہے ہیں۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مسلسل چار روز سے معمولات زندگی مفلوج ہیں اور مظاہرین بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں مکمل ریلیف دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کشمیر کی صورتحال پر اعلیٰ سطح اجلاس آج ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں آزاد کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔