May ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۳:۵۰ Asia/Tehran
  •  ایران کے اندر ہیلی کاپٹر حادثے کے تمام پہلؤوں کی تحقیقات کی صلاحیت موجود ہے: زھرا بلوچ

پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ اسے پورا یقین ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے اندر ہیلی کاپٹر حادثے کے تمام پہلؤوں کی تحقیقات کی صلاحیت موجود ہے-

سحرنیوز/ پاکستان: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتے وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی ، وزيرخارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی تعزیت پیش کرنے کے لئے تہران کا دورہ کیا- انھوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے رہبر اعلی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور عبوری صدر محمد مخبر سے ملاقات کر کے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کو تعزیت پیش کی اور ہمدری و یکجہتی کا اظہار کیا-

پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ایران کے صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے کے سلسلے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے اندر اس دلخراش حادثے کے تمام پہلؤوں کی تحقیقات انجام دینے کی پوری صلاحیت موجود ہے- پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ اگر دوست و برادر ملک ایران کو اس حادثے کی تحقیقات کے سلسلے میں کسی طرح کی مدد و تعاون کی ضرورت پیش آئي اور اس نے درخواست کی تو پاکستان اس کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

ٹیگس