Jun ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۶:۱۷ Asia/Tehran
  • چین کی مدد سے خلائی مشن کا مشترکہ پروگرام دونوں ممالک کی بہت بڑی کامیابی ہے: پاکستانی وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم نے بیجنگ میں پاک چائنا فرینڈ شپ اینڈ بزنس ریسیپشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں دوست ممالک کی شراکت داری کو معاشی اہداف کے حصول کیلئے نتیجہ خیز بنائیں گے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چائنا فرینڈ شپ اینڈ بزنس ریسیپشن سے خطاب میں کہا کہ آج چائنا کی تجارت ٹریلین ڈالر تک جا پہنچی ہے، چائنا کی مدد سے خلائی مشن کا مشترکہ پروگرام دونوں ممالک کی بہت بڑی کامیابی ہے ، آج جتنے بھی پاکستانی اور چینی مہمان اس تقریب میں موجود ہیں وہ ایک خاندان کی مانند ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج ہمیں چیلنجز اور بحرانوں سے نکلنے کیلئے ایک دوسرے کی کوششوں اور خصوصی طور پر چینی ماڈل کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت محنت کرنا ہوگی، دونوں دوست ممالک کی شراکت داری کو معاشی اہداف کے حصول کیلئے نتیجہ خیز بنائیں گے، پاکستان کو خود انحصاری کی منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی ماڈل کی کامیابی کے پیچھے ایک پوری کی پوری تاریخ ہے جس سے ہمیں سیکھنے کی ضرورت ہے، چینی ماڈل کی خاص بات یہ بھی ہے کہ چائنا نے ہمیشہ دوسرے ممالک سے تصادم کے بجائے باہمی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دیا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پرعمل پیرا ہے، پاکستان کو کاروبار دوست ملک بنانا ہماری ترجیح ہے- ہم بدعنوانی کے خاتمے، بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی اوربرآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات کررہے ہیں - انہوں نے کہا کہ بشام میں چینی ورکرز پر حملے کا واقعہ افسوسناک تھا۔

ٹیگس