Jun ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۸:۳۳ Asia/Tehran
  • پاکستان: چمن کے حالات خراب، ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر دھرنا بدستور جاری

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع چمن میں حالات معمول پر نہ آسکے جہاں تیسرے روز بھی مکمل ہڑتال ہے جب کہ چمن دھرنے کے شرکا کا ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) آفس کے باہر دھرنا بدستور جاری ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: رپورٹس کے مطابق احتجاج کے باعث ڈی سی کمپلیکس سمیت تمام سرکاری دفاتر و نجی دفاتر اور بینکس مکمل طور پر بند ہیں، ڈپٹی کمشنر اور دیگر ضلعی افسران آج تیسرے روز بھی دفاتر میں موجود نہیں تھے۔

اس کے علاوہ کوئٹہ چمن شاہراہ پر بھی ٹریفک کی روانی معطل رہی، آج صبح بھی بعض مقامات پر معمولی نوعیت کے تصادم واقعات رپورٹ ہوئے تاہم کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چمن میں مظاہرین دھرنے میں شریک اپنے رہنماؤں کی گرفتاری پر مشتعل ہوگئے تھے، انہوں نے سرکاری عمارتوں اور تنصیبات پر حملے کیے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا، جبکہ جھڑپوں میں 17 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت کم از کم 40 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

بےامنی پورے سرحدی شہر میں پھیل گئی تھی مظاہرین نے ریلیاں نکالیں اور احتجاج کیا جبکہ شہر کو بند کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ صرف درست پاسپورٹ اور ویزہ رکھنے والوں کو ہی چمن سرحد پار کرنے کی اجازت دینے کے حکومتی فیصلے کے خلاف چمن میں ایک ماہ سے جاری دھرنے میں شریک رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا، اس سے قبل پاکستانی اور افغان اپنے شناختی کارڈ دکھا کر سرحد پار کرتے تھے۔

ٹیگس