ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024 میں ہندوستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بکھرنے لگی پاکستانی کرکٹ ٹیم
شاہد آفریدی اور وسیم اکرم نے ہندوستان کے ہاتھوں پاکستان کو عبرتناک شکست کے بعد قومی ٹیم میں ’پھوٹ پڑنے‘ کا اندیشہ ظاہرکردیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے لیجنڈری بولر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قومی ٹیم میں کچھ ایسے کھلاڑی ہیں جو ایک دوسرے سے بات چیت بھی نہیں کرنا چاہتے۔ جبکہ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ایک کپتان سب کو اکٹھا کرتا ہے، یا تو وہ ٹیم کا ماحول خراب کرتا ہے یا ٹیم بناتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024 میں ہندوستان کے ہاتھوں 6 رنز کی شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اندر کے ماحول پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ "ٹیم کا کپتان سب کو اکٹھا کرتا ہے یا تو وہ ٹیم کا ماحول خراب کرتا ہے یا وہ ٹیم کو بناتا ہے۔ اس ورلڈ کپ کو ختم ہونے دو، پھر میں اس بارے میں کھل کر بات کروں گا۔"
شاہد آفریدی نے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے ساتھ اپنے قریبی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی کی میری بیٹی سے شادی کی وجہ سے ان کے تبصروں کو جانبدارانہ سمجھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'شاہین آفریدی کے ساتھ میرا ایسا رشتہ ہے کہ اگر میں ان کے بارے میں بات کروں تو لوگ کہیں گے کہ میں اپنے داماد کی حمایت کر رہا ہوں مگر میں ہمیشہ حقیقت پسندی سے کام لیتا ہوں۔،،
شاہد آفریدی کے ریمارکس پر لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم نے بھی ٹیم کے اندر کشیدہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ “قومی ٹیم میں ایسے کھلاڑی ہیں جو ایک دوسرے سے بات چیت بھی نہیں کرنا چاہتے۔ یہ انٹرنیشنل کرکٹ ہے اور آپ اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ ایسے کھلاڑیوں کو گھر بٹھائو۔‘‘
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے بابر اعظم کو شاہین آفریدی کی جگہ کپتان بنانے کے بعد سے قیادت میں تبدیلی تنازعے کا باعث بنی ہوئی ہے۔