ایران کے لئے مسافر بحری جہازرانی پاکستان کے ایجنڈے میں شامل
اسلام آباد نے پاکستانی زائرین کے سفرِ ایران میں سہولت کی غرض سے مسافر بحری سروس شروع کرنے کو اپنے ایجنڈے میں شامل کرلیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کی جہازرانی کے وزیر قیصر احمد شیخ نے بتایا کہ ایران کے لئے مسافر بحری جہاز کی سروس شروع کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، عمان اور ایران کے لئے مسافر بحری جہاز کی سروس شروع کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے لئے مسافر بحری سروس شروع ہونے سے پاکستانی زائرین کے لئے ایران جانا آسان ہوجائےگا۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی حکومت نے 2014 میں پاکستانی بندرگاہوں سے ایران کی چابہار اور بندرعباس کی بندرگاہوں کے لئے مسافر بحری سروس شروع کرنے کی بات کی تھی۔
حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مسافر بحری سروس شروع ہونے سے پاکستانی زائرین کے لئے سفرِ ایران آسان اور سیکورٹی کے نقطہ نگاہ سے پر امن ہوجائے گا۔