پاکستان: کراچی میں شدیدگرمی کی لہر، ایدھی سرد خانوں میں 3 روز میں 300 لاشیں لائی گئیں
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گرمی کی حالیہ لہر کے دوران سرد خانوں پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔ شہر میں ایدھی فاؤنڈیشن کے تین سرد خانوں میں تین روز کے دوران تین سو لاشیں لائی گئیں۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ تین روز میں تین سو افراد کی میتیں ایدھی فاؤنڈیشن کے تین سرد خانوں میں لائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سہراب گوٹھ، کورنگی اور میٹھادر میں تین سرد خانے قائم ہیں۔سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی کے مطابق گزشتہ پانج روز کے دوران چار سو تیئیس افراد کی میتیں غسل اور کفن کے لیے لائی گئیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عام دنوں کے مقابلے میں حالیہ دنوں میں میتوں کی تعداد دگنی ہو گئی ہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے یہ بھی بتایا ہے کہ زیادہ تر لائی جانے والی میتیں ورثاء کے ساتھ تھیں، نامعلوم میتیں کم تھیں۔