بانی چیئرمین کی جبراً قید پر ملک گیر مزاحمت کریں گے، پی ٹی آئی کور کمیٹی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کور کمیٹی نے بانی چیئرمین اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں بانی چیئرمین اور اُن کی اہلیہ کے خلاف عدت کیس کے فیصلے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے بانی چیئرمین اور بشریٰ بی بی کی عدت مقدمے میں برّیت کو حق اور سچ کی فتح قرار دیا۔ کورکمیٹی نے تمام مقدمات میں برّیت کے بعد بانی پی ٹی آئی اور اُن کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ برّیت کے احکامات کے بعد جبراً قید میں رکھنے کی کوشش کی گئی تو ملک گیر مزاحمت کریں گے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے قانون اور انصاف کا راستہ اختیار کرتے ہوئے عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ کور کمیٹی اجلاس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے جھوٹے مقدمات اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ مقدمے میں گرفتاری کی کوششیں گوارا نہیں کریں گے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ توشہ خانہ کو چوتھی بار بالکل غیرقانونی طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے، بشریٰ بی بی کا اس معاملے سے بالواسطہ یا براہِ راست کوئی تعلق نہیں۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں کہا گیا کہ قانون اور عدالتی تشریحات ایک ہی معاملے پر متعدد مقدمات کی ہرگز اجازت نہیں دیتے۔ کور کمیٹی نے مزید کہا کہ مینڈیٹ چور اور ان کے سرپرست بانی پی ٹی آئی کو جبراً انتقام کے نشانے پر رکھنا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو رہا نہ کیا گیا تو عوام کی عدالت سے رجوع کریں گے۔