ایسا کیا ہوا پی ٹی آئی پر پابندی لگتے لگتے رہ گئی؟
پاکستان کی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر کوئی بات نہيں ہوئی۔
سحرنیوز/دنیا: پاکستانی میڈیا کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کا معاملہ زیرغور نہيں آیا اور نہ ہی سابق وزیر اعظم عمران خان ، سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل چھے کی کارروائی پر کوئی فیصلہ ہوسکا۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس گذشتہ روز ہونے والا تھا کہا جا رہا تھا کہ اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ لیا جائے گا تاہم وزیر اعظم شہباز شریف کی مصروفیات کی وجہ سے کابینہ کا اجلاس بدھ تک کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا۔
پچھلے ہفتے پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا تھا کہ پی ٹی پی پر پابندی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے وفاقی حکومت نے بھی پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ چلانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی پر پابندی عائد کی گئی تو اگلی باری نون لیگ کی ہوگی۔