Aug ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۲:۵۲ Asia/Tehran
  • تحریک انصاف اور الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا

تحریک انصاف اور الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجا کے ذریعے سے آرٹیکل 184/3 کی درخواست میں تحریک انصاف نے وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستیں  دوسری سیاسی جماعتوں کو الاٹ کرنے سے فوری روک دیا جائے۔ خواتین و غیر مسلم کی مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو الاٹ کرنے کا حکم دیا جائے۔

ادھر مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن نے نظرثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے بھی مخصوص نشستوں کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کر رکھی ہے۔ وفاقی حکومت اور اتحادی جماعتوں نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سپریم کورٹ کی پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے نظر ثانی درخواست کو ستمبر کی تعطیلات کے بعد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 12 جولائی کو پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے تحریکِ انصاف کو پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں بطور جماعت قرار دے دیا۔

ٹیگس