Aug ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۱:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچا دی، 200 کے قریب افراد جاں بحق

پاکستان میں حالیہ دنوں میں ہونے والی موسلادھار بارشوں اور سیلاب کے باعث 200 کے قریب افراد جاں بحق اور تین سو تینتیس زخمی ہوئے ہیں جبکہ درجنوں مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اس ملک کی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے گزشتہ دنوں ملک بھر میں ہونے والی بارشوں اور سیلاب میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد اور مالی نقصان کے بارے میں رپورٹ جاری کر دی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں یکم جولائی سے جاری بارشوں کے دوران صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ اڑسٹھ شہری جاں بحق ہوئے، خیبرپختونخوا میں پینسٹھ اور سندھ میں مختلف حادثات میں بتیس افراد جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبہ بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں پندرہ افراد جاں بحق ہوئے، گلگت بلتستان میں چار اور آزاد کشمیر میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے۔ این ڈی ایم اے نے رپورٹ میں بتایا کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث چھ سو پینتالیس گھر مکمل تباہ ہوئے، جبکہ ایک ہزار چار سو انیس گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ملک بھر میں بارشوں کے باعث آٹھ اسکول اور پینتیس پل بھی متاثر ہوئے، جب کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث تین سو تئیس مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ دوسری جانب گلگت بلتستان میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث آنے والے سیلاب سے تباہی جاری ہے جبکہ مٹی کے تودے گرنے سے شاہراہ قراقرم متعدد مقامات پر بند ہوگئی ہے۔
ہیٹ ویو کے باعث تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز کے باعث گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے، سیلاب علاقے میں فصلوں کو بہا کر لے گیا اور درجنوں مکانات کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ قراقرم ہائی وے کے علاوہ گلگت - شندور روڈ بھی بندش کا شکار ہے۔ قراقرم ہائی وے گلگت سے خنجراب تک متعدد مقامات پر بلاک ہو گیا ہے۔ مقامی نالوں کے اوور فلو ہونے کے بعد گلگت غذر روڈ بھی متعدد مقامات پر بلاک ہو گیا، پولیس کے مطابق مختلف نالوں میں سیلابی صورتحال سے سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچا۔ سیلاب سے دو درجن سے زائد مکانات مکمل تباہ ہوگئے جبکہ تین درجن مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔

ٹیگس