Aug ۳۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۱ Asia/Tehran
  • عراق سے پاکستانی زائرین کی وطن واپسی

عراق میں پھنسے پاکستانی زائرین کی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق عراق میں پھنسے تین سو سے زائد پاکستانی زائرین کو لانے والی پرواز بغداد سے کراچی پہنچ گئی جبکہ دوسری پرواز آج سہ پہر کراچی پہنچنے کا امکان ہے۔ اس سے قبل گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ان سے رکن قومی اسمبلی حمید حسین نے ملاقات کرکے مسئلہ کی طرف توجہ دلائی تھی جس کے بعد انہوں نے عراقی سفیر سے بات کی تھی۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق عراق ایئر ویز کے دو طیاروں میں تکنیکی خرابی کے باعث ساڑھے چھے سو زائد پاکستانی زائرین بغداد ایئرپورٹ پر پھنس گئے تھے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے معاملے سے متعلق عراق میں پاکستانی سفیر ذیشان احمد کو فون کیا تھا۔ بغداد میں پاکستانی سفیر نے پاسپورٹ گم ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے صورتحال کا ذمہ دار ٹورازم کمپنیوں کو قرار دیا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے زیادہ تر زائرین زمینی راستے سے ایران سے ہوتے ہوئے عراق پہنچتے ہیں جنہیں سفر کے دوران تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے خطرات لاحق ہوتے ہیں جس کے پیش نظر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے اور اُسے ہدایت کی ہے کہ وہ زائرین کی سمندری راستے سے واپسی کے آپشن پر بھی غور کرے۔

ٹیگس