بنگلہ دیش کی تاریخی فتح ، پاکستانی ٹیم وائٹ واش
ہوم گراؤنڈ کے باوجود پاکستان کو پہلی بار بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوئی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی باؤلرز اور بلے بازوں کی انتہائی ناقص کارکردگی کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کو پہلی بار بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں 2 صفر سے شکست ہوگئی اور مہمان ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں 6 وکٹوں سے تاریخی فتح حاصل کرلی۔
2 میچوں کی ہوم سیریز میں پاکستانی ٹیم وائٹ واش کی ہزیمت سے دوچار ہوئی جب کہ دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز پاکستانی باؤلرز 185 ہدف کے دفاع میں ناکام رہے۔
بنگلہ دیش کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے بلے باز لٹن ڈاس جنہوں نے پہلی اننگز میں 117 بنائے، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ شاندار باؤلنگ کرنے پر اسپنر مہدی حسن سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
پاکستان کو ہوم گراونڈ پر ٹیسٹ میچ جیتے 1296 دن گزر گئے جب کہ پاکستان کو ہوم گراونڈ پر دوسری مرتبہ کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کو 2022 میں کلین سوئپ کیا تھا۔
واضح رہے کہ 25 اگست کو راولپنڈی میں کھیلے گئے 2 میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر بنگلہ دیش کی ٹیم نے تاریخ رقم کردی تھی جب کہ پاکستانی ٹیم کی بنگال ٹائیگرز کے خلاف طویل دورانیے کی کرکٹ میں یہ پہلی شکست تھی۔