پاکستان میں ایک بڑے دہشتگرد حملے کی کوشش ہويی ناکام
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں خوارجی دہشت گردوں کی ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق خوارج کے ایک گروپ نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش کی۔آئي ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرتے ہوئے کیمپ میں داخل ہونے کی دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنا دی، جوابی کارروائی میں چاروں خوارج خودکش بمبار نقصان پہنچانے سے پہلے ہی مارے گئے، ہلاک حملہ آوروں کے قبضے سے خودکش جیکٹس ، اسلحہ اور بارودی مواد ضبط کرلیا گيا-
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر خارجی دہشتگردوں کے خاتمے کےلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع مہمند میں خارجی دہشتگردوں کی فرنٹیئر کور ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش ناکام بنانے پر فوج کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کیمپ پر حملہ آور ہونے والے چار خود کش خارجیوں کو جہنم واصل کیا، مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔