Sep ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۲:۵۸ Asia/Tehran
  • پاکستان: جشن عید میلاد النبی(ص) مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

پاکستان میں جشن عید میلاد النبی(ص) آج مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں نکالنے جانے والے جلوسوں کے حوالے سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: جشن عید میلاد النبی(ص) کے موقع پاکستان بھر میں مساجد، اہم عمارتوں اور گلیوں، بازاروں میں چراغاں کرنے کے ساتھ ساتھ اہم مقامات کو بھی سجایا گیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

نماز فجر کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور اور اسلام آباد سمیت پورے ملک میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ و سلم جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے اور مختلف علاقوں میں چھوٹے بڑے جشن عید میلاد النبی کے جلوس برآمد ہوئے۔

میلاد کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے کئی لاکھ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور قائم کنٹرول رومز کے ذریعے میلاد کے جلوسوں کی نگرانی کی گئی۔

اہلسنت مسلمان 12 ربیع الاول کو جبکہ شیعہ مسلمان 17 ربیع الاول کو پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے یوم ولادت کے طور پر مناتے ہیں جسے ایران اور بہت سے اسلامی و غیر اسلامی ممالک میں ہفتۂ وحدت کے طور پر منایا جاتا ہے۔

اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد پیدا کرنے کے مقصد سے اس مناسبت کو اتحاد کے مظہر کے طور پر استعمال کیا اور 12 سے17 ربیع الاول کے دورانیے کو ہفتۂ وحدت کا نام دیا۔

ٹیگس