Sep ۱۸, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۸ Asia/Tehran
  • قومی ترانے کی بےحرمتی، پاکستان کا افغانستان سے شدید احتجاج

پاکستان کی وزارت خارجہ نے پاکستان کے قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہونے کے معاملے پر افغان حکام سے شدید احتجاج کیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور کابل میں افغان حکام تک اپنا شدید احتجاج پہنچا رہے ہیں۔ میزبان ملک کے قومی ترانے کی بےعزتی سفارتی اصولوں کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل کا یہ فعل قابل مذمت ہے۔

دوسری جانب افغان قونصلیٹ کے ترجمان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ افغان حکام کے کھڑے نہ ہونے کی وجہ میوزک تھی پاکستانی ترانے کی بےتوقیری ہرگز مقصد نہیں تھا۔ افغان قونصلیٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر یہ ترانہ بغیر میوزک کے چلتا یا بچے پیش کرتے تو قونصل جنرل لازمی کھڑے ہوتے اور سینے پر ہاتھ بھی رکھتے۔ افغان قونصلیٹ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان یا قومی ترانے کی توہین کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ افغان قونصلیٹ کے عہدیداروں کو پشاور میں ہونے والی رحمت للعالمین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی جس میں افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر پاکستان کے قومی ترانے کے دوران دوسرے شرکا کے برخلاف اپنی نشست پر بیٹھے رہے۔

ٹیگس