Sep ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۳:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

سحرنیوز/ پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جینس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن 25 اور 26 ستمبر کی شب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسز کے ساتھ مقابلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

ترجمان پاکستانی فوج کے مطابق ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، ہلاک خوارج معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی 20 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن کر کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا جبکہ آپریشن کے دوران 6 اہلکار بھی جاں بحق ہوئے تھے۔

ٹیگس