عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں ضمانت منظور، کیا عمران خان جیل سے رہا ہوں گے؟
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں دس دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض بانی پی ٹی آئی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تاہم عدالت نے کہا کہ ضمانت کا غلط استعمال کیا تو اپنا فیصلہ واپس لے سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی تھی۔
نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو رہا کرنے کا حکم ایسے میں دیا ہے کہ جب تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دی ہے اور حکومت نے اسلام آباد اور لاہومر سمیت کئی شہروں میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا حکومت عمران خان کو رہا کردے گی یا پھر کسی اور کیس میں ان کی گرفتاری ڈال دی جائے گی۔