Dec ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۸:۴۷ Asia/Tehran
  • پاکستان: ضلع کرم میں بد امنی اور دہشتگردی کا سلسلہ بدستور جاری

پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں بد امنی اور دہشتگردی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔

 سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق ضلع کرم میں سیز فائر کے باوجود کشیدگی برقرار ہے، تازہ ترین فائرنگ کے واقعات میں مزید چھے جانوں کے ضیاع اور آٹھ کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ مقامی میڈیا نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ضلع کرم کے مختلف مقامات پر پچھلے گیارہ دنوں سے فائرنگ اور جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مقامی اسپتالوں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اس خطے میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں، جھڑپوں اور فائرنگ کے متعدد واقعات میں اب تک کم از کم ایک سو تیئیس افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ دوسو کے قریب زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر جاویداللہ محسود کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے مختلف مقامات پر سیز فائر کرکے پولیس اور فورسز کے دستے تعینات کیے گئے ہیں جو جنگ بندی کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، اطلاعات ہیں کہ کُرم کی صورتحال پر گرینڈ جرگے کےلیے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی صوبے کی سیاسی قیادت کے ہمراہ کمشنر ہاوس کوہاٹ پہنچے ہیں۔

واضح رہے کہ کہ ضلع کرم کی حالیہ کشیدگی کی آگ اُس وقت بھڑک اٹھی تھی جب گزشتہ اکیس نومبر کو علاقے میں سرگرم تکفیری دہشتگردوں نے گھات لگا کر شیعہ مسلمانوں کی گاڑیوں پر فائر کھول دیا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت دسیوں شیعہ شہید و زخمی ہو گئے تھے۔

 

ٹیگس