Dec ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۴:۲۰ Asia/Tehran
  • شدید سردی کے باوجود پارا چنار کے عوام کا دھرنا جاری

ضلع کرم میں راستوں کی بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثرہے جس کی وجہ سے احتجاجی مظاہرین کا دھرنا جاری ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر کرم میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے سڑکیں اور ٹرانسپورٹ بند ہے، علاقے میں ادویات اور کھانے پینے کی اشیا کی قلت برقرار ہے اورراستوں کی بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے جب کہ شہریوں کی جانب سے شدید سرد موسم میں بھی 5 روز سے دھرنا جاری ہے، مظاہرین نے کشیدگی پر فوری قابو پانے اور حالات معمول پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب کرم میں کشیدگی 77 ویں روز بھی برقرار ہے اور صورتحال معمول نہ آسکی۔

صدر ٹریڈ یونین پاراچنار حاجی امداد کے مطابق مین شاہراہ اور افغان سرحد سمیت تمام راستے بند ہیں جب کہ خوراک اور روزمرہ استعمال کی اشیا ختم ہونے کے باعث بازار بند ہیں، ریسٹورنٹ، تندور سمیت دیگر دکانوں کی بندش سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز خیبرپختونخوا حکومت نے کُرم کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے ریلیف ایمرجنسی کی منظوری دی تھی اور زمینی راستے کی بحالی کیلئے اسپیشل پولیس فورس بنانے کا فیصلہ بھی کرلیا۔

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے دوران منافرات پھیلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ایف آئی اے کے ذریعے نشاندہی کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

اکیس نومبر کو پارا چنار پیشاور روڈ پر چند گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں دسیوں افراد شہید و زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیگس