ایٹمی اثاثوں اورمیزائل پروگرام پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کرنے دیں گے: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان دوراہے پر کھڑا ہے، ملک کو ہر قسم کے مسائل کا سامنا ہے، مستقبل میں اندرونی اور بیرونی امتحان آنے والے ہیں، ان تمام مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کو اکھٹا ہونا ہوگا۔
سحر نیوز/ پاکستان: محترمہ بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کے موقع پر صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے 30 سال تک سیاسی جدوجہد کی، محترمہ بینظیر بھٹو ملک کی عوام کی حقیقی نمائندہ تھی، انہوں نے پاکستان اور عوام کے خاطر جدوجہد کی اور اسی راستے میں اپنی جان دے دی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی ایک سیاسی جماعت کے پاس نہ وہ مینڈیٹ اور طاقت ہے کہ وہ ایک وقت میں ملک کے تمام مسائل کا مقابلہ کرسکیں، پاکستان پیپلز پارٹی ملکی سیاسی صورتحال میں وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو نہ سیلکٹڈ ہے اور نہ فارم 47 والی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ آج کل پاکستان کے مخالفین ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے دیئے ہوئے میزائل ٹیکنالوجی کے تحفے کو میلی آنکھ سے دیکھ رہے ہیں، ان کی خواہش ہے کسی مسلمان ملک کے پاس ایسی قوت نہ ہو اور وہ کسی نہ کسی بہانے سے آپ کی یہ طاقت چھننا چاہتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے امریکا کی جانب سے پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی پر پابندیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ہوتے ہوئے ہم اپنی ایٹمی اثاثوں اور نہ ہی میزائل پروگرام پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کرنے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک ہماری اندرونی سیاست کے اوپر بیان دے رہے ہیں، عمران خان صرف بہانہ ہے اصل میں نشانہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی ہے۔