Dec ۳۱, ۲۰۲۴ ۱۴:۵۴ Asia/Tehran
  • دھرنوں سے سرکاری و نیم سرکاری املاک کو کوئی نقصان نہیں ہوا: علامہ حسن ظفر نقوی

پاکستان میں مجلسِ وحدتِ مسلمین کے رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ ہمارے دھرنوں سے کسی سرکاری و نیم سرکاری املاک کو کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان:  اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت کے وفد سے ملاقات کے دوران مجلسِ وحدتِ مسلمین کے رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ہمارے تمام احتجاجی دھرنوں میں روڈ ایک طرف سے کُھلا ہوا ہے اور یہ احتجاجی دھرنے پُر امن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دھرنے ختم کرنے کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا مختلف دھرنوں کے مختلف ذمہ داران ہیں۔ تمام علمائے کرام سے میٹنگ کرنے کے بعد ہی کوئی جواب دیں گے۔ ملاقات میں شامل پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہدی نے کہا کہ پاراچنار میں ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ ملاقات کے دوران کراچی پولیس چیف اے جی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ اِن دھرنوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

دوسری جانب کراچی میں دھرنے ختم کرانے کے لیے پولیس تشدد کے باوجود دھرنے ختم نہ ہوسکے، عباس ٹاؤن سمیت چھ مقامات پر دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے اور جہاں پولیس کارروائی پر دھرنے ختم کر دیئے گئے تھے اب دوبارہ شروع ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاراچنار کے دہشت گردانہ محاصرے کے خلاف پاکستان کے مختلف علاقوں میں عوام کی جانب سے علما کی اپیل پر دھرنے دیئے گئے ہیں اور منتظمین کا کہنا ہے کہ جب تک پاراچنار کا محاصرہ ختم نہیں کیا جائے گا دھرنے جاری رہیں گے۔

ٹیگس