Jan ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۰:۳۷ Asia/Tehran
  • کرم میں امن کو یقینی بنانے پر بیرسٹر سیف کی تاکید

پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کرم میں امن کو یقینی بنانے اور دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے پر تاکید کی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان:  پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کوہاٹ میں ہونے والے گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں ہر حال میں امن کو یقینی بنایا جائے گا۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا ڈپٹی کمشنر کرم پر حملہ امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام مذموم سازش تھی، کرم کے عوام امن دشمن عناصر سے ہوشیار رہیں۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ صوبۂ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر قافلے کو وقتی طور روک دیا گیا ہے، کلیئرنس ملنے کے بعد عنقریب قافلے کو روانہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کرم امن معاہدے کے تحت تقریباً 3 ماہ بعد پہلے قافلے کو کرم کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم قافلے کی روانگی سے قبل لوئر کرم کے علاقے بگن میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کے کانوائے پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ڈی سی جاوید محسود سمیت ایف سی اور پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، فائرنگ کے واقعے کے بعد کرم کو جانے والے قافلے کی روانگی روک دی گئی۔

ٹیگس