غذائی اشیاء پر مشتمل گاڑیوں کا پہلا قافلہ پاراچنار پہنچ گیا
سخت سیکورٹی میں آج پاراچنار کیلئے قافلے کے ذریعےبھجوائی جانے والی اشیاء پہنچ گئی۔
سحر نیوز/ پاکستان: غذائی اشیاء پر مشتمل گاڑیوں کا پہلا قافلہ پاراچنار پہنچ گیا ۔ ڈپٹی کمشنر کُرم اشفاق خان نے کہا ہے کہ قافلے کا امن سے پاراچنار پہنچنا بہت خوش آئند ہے۔ اشفاق خان نے کہا کہ عوام قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ تعاون کریں اور امن قائم رکھیں۔
اس سے قبل مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ضلع کرم کے لیے امدادی اشیاء پر مشتمل 40 گاڑیوں کا قافلہ روانہ کر دیا گیا، 10 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ بگن پہنچ چکا ہے جبکہ 30 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ عنقریب پاراچنار اور اپر کرم پہنچ جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ روز حکومت اور علاقہ عمائدین کے مابین مذاکرات کامیاب ہوئے تھے، قافلے کو روانہ کرنے کی اجازت گزشتہ شب دی گئی۔
کرم ایجنسی میں نومبر کے مہینے میں ایک مسافر بس پر فائرنگ کے نتیجے میں 55 افراد شہید ہوگئے تھے، جس کے بعد ضلع بھر میں متحارب فریقین کے درمیان جھڑپیں بھی شروع ہوگئی تھیں۔
اس واقعے کے بعد سے پاراچنار جانے والے راستے بند ہیں، راستوں کو کھلوانے کے لیے مجلس وحدت مسلمین کی اپیل پر پاراچنار، اسلام آباد، لاہور، ملتان، کوئٹہ، گلگت بلتستان اور کراچی سمیت کئی شہروں میں احتجاج کیا گیا اور دھرنے دیے گئے۔
خیال رہے کہ 4 جنوری کو لوئر کرم کے علاقے بگن میں نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے ڈی سی کرم سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد کرم کے لیے 3 ماہ بعد کھانے پینے کا سامان لے جانے والا قافلہ روک دیا گیا تھا۔ ضلع کرم میں اسلحے کی نمائش اور 5 افراد کے اجتماع پر پابندی عائد ہے۔