پاکستان: ضلع کرم کے اپر کرم میں غذائی اشیا اور ادویات کی ترسیل
پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں امن معاہدے کے تحت مورچوں کی مسماری کا عمل اتوار سے شروع ہوا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق ڈپٹی کمشنر کرم، اشفاق خان کا کہنا ہے کہ امن معاہدے کے تحت اتوار سے بالش خیل اور خار کلی میں تمام مورچوں کو یکم فروری تک مسمار کر دیا جائے گا اور ساتھ ہی اسلحہ بھی جمع کیا جائے گا۔ دریں اثنا ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل کی بھی خبریں ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اپر کرم کے علاقوں میں غذائی اشیا اور ادویات پہنچا دی گئی ہیں۔ دریں اثنا پاراچنار ٹل کی مین شاہراہ ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بدستور بند ہے اور راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مندوری میں دھرنے کے باعث آمد و رفت کے راستے بند ہیں۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ چالیس گاڑیوں پر مشتمل قافلہ، ٹل سے پاراچنار کی جانب جانے کا منتظر ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپر کرم کے عوام کی مشکلات حل کرنے کے لیے لازمی اشیا سسے لدے کم از کم پانچ سو ٹرک درکار ہیں۔