Jan ۲۵, ۲۰۲۵ ۰۸:۲۴ Asia/Tehran
  • پاکستان:  70گاڑیوں پر مشتمل امدادی سامان کا قافلہ کرم میں داخل

پاکستان کے ضلع کرم میں 70گاڑیوں پر مشتمل امدادی سامان کا قافلہ کرم میں داخل ہوگيا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان:  پاکستانی میڈیا کے مطابق 70 گاڑیاں سبزیاں، پھل، ادویات، چینی، آٹا اور گھی سمیت کھانے پینے  اور روزمرہ کے استعمال کی دوسری اشیاء لے کر پارا چنار پہنچیں۔  ایک روز کے وقفے کے بعد دوسرا قافلہ  کرم پہنچا تو اس کے بعد اشیاء کے نرخوں میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا کہ پیٹرول ڈیزل کی سپلائی بحال نہیں ہوئی جس کے باعث شہری اپنے اپنے علاقوں میں محصور ہیں اور مریضوں کو اسپتال تک پہنچانےمیں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی سرکاری افسروں کا کہنا ہے کہ راستے کھولنے سمیت امن معاہدے کی تمام شقوں پر عمل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور زمینی رابطہ بحال ہونے تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے ادویات بھیجی جائیں گی۔

دوسری جانب کرم میں آج سے بنکرز گرانے کا کام دوبارہ شروع ہونے کا امکان  ہے جبکہ امن معاہدے کے دستخط کنندگان اور امن کمیٹیوں کے اراکین کے ساتھ جرگہ بھی تین روز میں متوقع ہے جس میں اسلحہ جمع کرنے کے طریقۂ کار کے معاملات طے کیے جائیں گے۔

 

ٹیگس