Feb ۱۱, ۲۰۲۵ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • پارا چنار: 5 لاکھ کی آبادی کیلئے 100 گاڑیوں پر مشتمل امدادی قافلہ

ٹل سے 100 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ پارا چنار پہنچنا شروع ہوگیا، اشیاء ضروریہ کی گاڑیاں پارا چنار پہنچ گئی ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے علاقے ٹل سے پارا چنار کیلئے  گاڑیوں کے قافلے پاراچنار پہنچنا شروع ہوگئے، تاجر برادری کے مطابق مرغی، انڈے، پھل اور سبزیوں سے لدے 100 گاڑیاں پارا چنار پہنچ گئی ہیں۔

قافلے میں خوردونوش ، ادویات ، پھل، سبزیاں اور دیگر اشیاء شامل ہیں، ٹل پاراچنار مین شاہراہ پر قافلہ کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

پیٹرول ایسوسی ایشن پارا چنارکے مطابق پٹرول اور ڈیزل کے گاڑیوں کو ہنگو سے آگے جانے نہیں دیا گیا، تاجر برادری کے مطابق ایل پی جی کی گاڑیوں کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔

ٹرانسپورٹ تنظیموں اور شہری عمائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ قافلے میں پیٹرول اور ڈیزل کے ٹینکرز کو شامل کر کے بحران کا فوری حل نکالا جائے، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔

کرم میں جاری کشیدگی کے باعث گزشتہ 5 ماہ سے آمد و رفت کے راستے بند ہیں، جس سے پانچ لاکھ سے زائد افراد محصور ہو چکے ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ طلبا کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔

یاد رہے کہ 21 نومبر 2024 کولوئر کرم کے علاقے باغان میں ایک قافلے پر حملے میں 50 سے زائد افراد کے شہید ہونے کے بعد ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم ایک سو تیس مزید جانیں چلی گئی تھیں ۔ اگرچہ یکم جنوری کو متحارب قبائل کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا، تاہم اس ماہ ایک سرکاری قافلے اور امدادی قافلے پر حملوں نے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ٹیگس