پاکستان: امن پچیس بین الاقوامی بحری مشقیں اختتام پذیر
پاکستان کی میزبانی میں انجام پانے والی امن پچیس بین الاقوامی بحری مشقیں کہ جس میں اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے جماران بحری جنگی جہاز کے ساتھ شرکت کی کل بدھ کو اپنے اختتام کو پہنچ گئيں۔
سحرنیوز/پاکستان: ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی میزبانی ميں نویں امن پچیس بین الاقوامی بحری مشقیں کہ جن کا سلسلہ پاکستانی بحریہ نے دوہزار سات سے شروع کیا ہے، گزشتہ جمعے کو شروع ہوئيں اور کل بدھ کو اپنے اختتام کو پہنچیں۔
ان بحری مشقوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وفد نے جماران جنگی بحری جہاز کے ہمراہ بحریہ کے کمانڈر ایڈمیرل شہرام ایرانی کی قیادت میں شرکت کی۔ اس سال کراچی میں پاکستانی بحریہ کی میزبانی ميں انجام پانے والی امن پچیس بین الاقومی بحری مشقوں میں دنیا کے ساٹھ ملکوں نے حصہ لیا ہے۔
ان بحری مشقوں کے موقع پر دو روزہ امن ڈائيلاگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔کراچی میں منعقدہ امن پچیس بین الاقوامی بحری مشقوں کی اختتامیہ تقریب بدھ کو مشقوں کے آخری مرحلے کے ساتھ انجام پائی جس میں اسلامی جمہوریہ ایران سمیت مشقوں میں شریک ملکوں کے بحری دستوں نے حصہ لیا۔ پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر اعلا سندھ مراد علی شاہ امن پچیس بین الاقوامی بحری مشقوں کی اختتامی تقریب کے مہمانان خصوصی تھے۔