پارا چنار کا محاصرہ جاری، مسلح شرپسندوں کے حملے میں 5 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق
لوئر کرم میں مسلح شرپسندوں کے حملے میں پانچ سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ لوئر کرم کے علاقے بگن میں ریسکیو آپریشن کے دوران مسلح شرپسندوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا جس میں بعض اطلاعات کے مطابق پانچ پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے - پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے پولیس اہلکاروں پر اس وقت حملہ کردیا جب وہ ان گاڑیوں اور ڈرائیوروں کو بچانے میں مصروف تھے جو سامان لے کر پارا چنار جارہے تھے ۔ اس حملے ميں ایک ڈرائیور بھی جاں بحق ہوگيا - گذشتہ روز اوچت میں پارا چنار جانے والے قافلے پر حملے سے علاقے میں حالات پھر کشیدہ ہوگئے ہيں پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح شرپسندوں نے سامان سے لدے ٹرکوں کو آگ لگادی ۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ان شرپسندوں کو لگام دینے میں نہ فقط ناکام ہے بلکہ ان کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی بھی نہیں کررہی ہے۔
دوسری جانب پاراچنار میں اشیائے خوردو نوش اور ادویات کی شدید قلت کے باعث انسانی بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے جبکہ دواؤں کی قلت کی وجہ سے سن رسیدہ مریض اور بچے دم توڑ رہے ہيں۔