جنوبی وزیرستان: انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 30 دہشت گرد ہلاک
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 30 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے دعوی کیا ہےکہ سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 30 دہشت گرد مارے گئے۔
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی ممکنہ دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔
13 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے علاقوں میں 5 مختلف کارروائیوں کے دوران 13 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں شرپسندوں کے حملوں کے بعد امدادی قافلے کو بچانے کی کوششوں میں 5 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے پیر کو متعدد حملوں میں 5 سیکیورٹی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کے بعد کرم میں شرپسندوں کے خلاف نئے آپریشن کا اعلان کیا تھا۔