Feb ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
  • پاکستان: لوئر کرم میں شدت پسندوں کی گرفتاری جاری

پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری نے کہا ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے لوئر کرم میں شدت پسندوں کی گرفتاری کے لیے جاری آپریشن میں اب تک اڑتالیس مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ اور انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) نے کرم کی صورتحال پر ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کے لیے کوہاٹ کا دورہ کیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ حالیہ واقعات میں ملوث دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔
ایک بیان میں چیف سیکریٹری کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حالیہ واقعات میں ملوث اڑتالیس افراد کو گرفتار کیا گياہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر سے لے کر اب تک جھڑپوں میں ایک سو نواسی افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور حکومت کی جانب سے حالات کو قابو میں لانے کی کوششوں کے نتیجے میں امن معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے، جس کے بعد ضروری سامان لے جانے والی سات سو اٹھارہ گاڑیوں پر مشتمل نو قافلے کرم میں بھیجے گئے، تاہم ان قافلوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
امن معاہدے کے تحت خیبرپختونخوا کی اعلی کمیٹی نے علاقے میں امن بحال کرنے کی غرض سے ضلع کرم میں تمام بنکرز کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اب تک کرم میں ایک سوپچاس سے زیادہ بنکر ختم کیے جاچکے ہیں- تمام بنکرز مسمار کرنے کے لیے تیئس مارچ تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

ٹیگس