پاکستان: خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دھماکے15 افراد جاں بحق و زخمی
پاکستان کے صوبوں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والے دھماکوں میں15 افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے شہرہنگو کےعلاقے اورکزئی سما ماموزئی میں واقع مارکیٹ میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق، جبکہ 4 زخمی ہوگئے، سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ جبکہ بلوچستان کے صوبائی دارالیحکومت کوئٹہ کے جان محمد روڈ پر بم دھماکے میں سیکیورٹی اہلکار سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے جان محمد روڈ پر ایف سی کی گاڑی کے قریب ہونیوالے دھماکے میں ایک سیکورٹی اہلکار سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی ایس پی گوالمنڈی انور علی نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ جان محمد روڈ پر دھماکا ایف سی کے قافلے کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں ایف سی کی گاڑی سمیت 5 سے زائد دکانوں کو نقصان پہنچا ۔
دھماکے میں زخمی ہونیوالے 10 افراد کو ٹراما سینٹر اور سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ تمام زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
ڈی ایس پی انور علی نے بتایا کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس میں 2 سے 3 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔
دریں اثنا، بلوچستان میں قومی شاہراہوں پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔