پاکستان: شمالی وزیرستان میں ایک خود کش بمبار کے حملے میں دو فوجی جاں بحق ہوگئے ہیں
پاکستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے ایک علاقے میں خودکش بمبار نے بارودی مواد سے بھری گاڑی قافلے سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں دو فوجی مارے گئے ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: اس حملے میں دو شہریوں سمیت کم از کم دس افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے آس پاس کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ دریں اثنا لکی مروت کے علاقے عباسہ خٹک میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک عسکریت پسند ہلاک جب کہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک گاڑی پر ہونے والی فائرنگ میں جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے دو رہنما جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ مقتولین میں غلام سرور اور مولوی امان اللہ شامل ہیں۔ جے یو آئی رہنماؤں کو سوراب سے واپسی پر تراسانی میں گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا۔ واقعےمیں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔