اسلام آباد اور کابل کے درمیان اختلافات میں شدت، طورخم سرحد بند
پاکستان کے مقامی ذرائع نے طورخم سرحدی علاقے میں جو اسلام آباد اور کابل کے درمیاں اختلافات بڑھنے کے بعد، بند کردی گئی ہے، دونوں ملکوں کے سرحدی فوجیوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہونے کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق طورخم گذرگاہ پچھلے گيارہ دنوں سے بند ہے اور اس گذرگاہ کو کھولنے کے لئے دونوں ملکوں کے مذاکرات اب تک نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان طورخم میں ملاقات بھی ہوئی ہے اس کے باوجود سرحدی علاقے میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا ہے جس میں ایک پاکستانی شہری زخمی ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق طورخم گذرگاہ کی سیکورٹی کی صورت حال ابتر ہے اور ٹرک ڈارائيوروں سے کہا گيا ہے کہ وہ طورخم گذرگاہ سے دور ہوجائيں۔
پاکستان نے طورخم علاقے میں طالبان کی جانب سے چیک پوسٹ قائم کئے جانے کے فیصلے کی بنا پر اس گذرگاہ کو بند کر دیا ہے اور یہ صورت حال پچھلےگیارہ دنوں سے جاری ہے جس کی بنا پر گذرگاہ کے دونوں طرف کے لوگوں کے درمیان آمد و رفت اور تجارت کا سلسلہ بھی بند ہے۔