پاکستان میں ایک اور دہشت گردانہ حملہ ناکام، دس دہشتگرد ہلاک
پاکستان میں فوج نے دہشت گردوں کا ایک حملہ ناکام بنادیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی فوج نے بتایا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں تکفیری دہشت گردوں نے ٹانک کے علاقے جنڈولہ میں ایک فوجی قلعے پر حملہ کیا تھا جس کو ناکام بنادیا گیا ہے۔ فوج نے بتایا ہے کہ یہ حملہ بنوں فوجی چھاؤںی پر کئے جانے والے حملے کے طرز پر کیا گیا تھا جس میں پہلے ایک خود کش دہشت گرد نے جو گاڑی میں سوار تھا، قلعے کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دس دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
یاد رہے کہ ان دنوں پاکستان میں دہشت گردوں کی کارروائیاں بڑھ گئی ہیں۔ دو دن قبل دہشت گردوں نے صوبہ بلوچستان میں ایک مسافر ٹرین پر حملہ کرکے مسافرین کو یرغمال بنالیا تھا۔ یہ ماجرا سبھی تینتس دہشت گردوں کی ہلاکت پر ختم ہوا تھا۔ دہشت گردوں کے حملے میں اکیس مسافر اور چار سیکورٹی اہلکار مارے گئے تھے۔