پاکستان : بنوں شہر میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے
پاکستان کے صوبۂ خیبر پختونخوا میں واقع بنوں شہر کے 2 تھانوں اور ایک چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کئے ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے 2 پولیس اسٹیشنزکو نشانہ بنایا جبکہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے خوجڑی پولیس چوکی پر دو ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا لیکن پولیس کی جانب سے بروقت جوابی کارروائی کی بنا پر پولیس کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نےتھانا بکاخیل اور تھانا غوری والہ پرحملہ کیا جبکہ خوجڑی پولیس چوکی پر دستی بم پھینکے گئے۔ پولیس اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد وہاں سے فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے اور علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اس واقعے کے بعد گاؤں کے لوگوں نے بھی چوکی کی حفاظت کے لیے خود کو مسلح کر لیا اور اعلان کیا کہ خوجڑی پولیس چوکی کی حفاظت علاقے کے مشران کریں گے۔ دہشت گردوں کے حملوں کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور سیکیورٹی ادارے حملہ آوروں کی تلاش میں ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔