پاکستان کی قومی اسمبلی میں فلسطین کے حق میں قرارداد منظور
پاکستان کی قومی اسمبلی میں غزہ میں صیہونی حکومت کے مظالم کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد متفقہ طور پر منطور کر لی گئی۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے میڈيا ذرائع کے مطابق قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان ایک بار پھر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے، یہ ایوان ساٹھ ہزار فلسطینی شہداء کو سلام پیش کرتا ہے، متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان اسرائیل جارحیت کو عالمی برادری کی ناکامی تصور کرتا ہے اور اسرائیلی افواج کے فوری انخلاء کا مطالبہ کرتا ہے۔
اس موقع پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایوان فلسطینی بہن بھائیوں کی حمایت اور فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔ پاکستانی وزیر قانون نے کہا کہ فلسطین میں اسپتالوں اور رفاہی اداروں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ انھوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کا سلسلہ فوری طور پر رکنا چاہیے۔