کیا ہوگی جنگ؟ پاکستان میں قومی سلامتی کا اجلاس ، مسلح افواج کو کارروائی کا مکمل اختیار
پاکستان میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی مسلح افواج کو مناسب کارروائی کے مکمل اختیارات دے دیے گئے۔
سحرنیوز/پاکستان:پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس جو گھنٹوں تک جاری رہنے کے بعد ختم ہوگیا۔ اس اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیف شریک ہوئے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کریں گے۔
اس اجلاس میں ملکی سیکیورٹی صورتِ حال، ہندوستان کے حملے اور پاکستان کے مؤثر جواب پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ہندوستان کے حملوں اور پاکستانی جوابی کارروائی پر عسکری حکام نے بریفنگ دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے، پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
واضح رہے ہندوستان نے گزشتہ شب پاکستان کے کئي علاقوں پر میزائل حملے کئے ہیں جس کے بعد پاکستان نے بھی جوابی کارروائی کی ہے جس سے دونوں طرف درجنوں لوگ مارے گئے ہيں۔